یونان کے حکام نے کہا ہے کہ جس بحری جہاز کے بارے میں پہلے یہ اطلاع دی گئى تھی کہ اُسے صومالیہ کے سمندری ڈاکوؤں نے ہائى جیک کرلیا ہے، حقیقت میں اُس حملے سے بچ گیا  تھا اور اب  وہ  کسی خطرے میں  نہیں ہے۔

کینیا میں بحری قذاقی کے ایک نگراں ادارے نے اتوار کے روز کہا تھا کہ  یونان کی ملکیت ایک بڑے مال بردار جہاز  رَیڈ سِپرٹ کو خلیج عدن میں ہائى جیک کرلیا گیا ہے۔

تاہم یونان میں جہاز رانی سے متعلق عہدے داروں نے کہا ہے کہ یہ  جہاز حملہ آوروں کو جھانسا دے کر بچ نکلا۔   انہوں کہا ہے کہ  جہاز  اب اپنی منزل ، پاکستان کی بندرگاہ کراچی کی جانب رواں دواں ہے۔

اسی دوران سمندری ڈاکوؤں نے اُس مال مار جہاز کو آزاد کردیا ہے،  جسے انہوں نے دو ہفتے پہلے مشرقی افریقہ کے ساحل کے قریب ہائى جیک کیا تھا۔

متحدہ عرب امارات کی ملکیت  جہاز المیزان ہفتے کے روز رہائى کے بعد  اب مقدیشو کی بندرگاہ پر ہے۔