صدر آصف علی زرداری نے کہا ہے کہ پاکستان پیپلز پارٹی کو بدنام کرنے کی مہم کا مقصد ان کی جماعت کو سیاسی طور پر کمزور کرنا ہے لیکن ان کے بقول ایسی توقعات رکھنے والے احمقوں کی جنت میں رہتے ہیں۔

انھوں نے ان خیالات کا اظہار پیر کی شب ایوان صدر میں حکمران پارٹی کی مرکزی مجلس عاملہ کے اجلاس سے خطاب کر تے ہوئے کیا۔  ایک سرکاری بیان کے مطابق صدر زرداری نے کسی کا نام لیے بغیر کہا کہ کچھ لوگ روزانہ پیپلز پارٹی کی موت کی خبریں لکھ رہے ہیں لیکن جتنی مرتبہ وہ ایسی خبریں لکھتے ہیں انھیں خود ہی مایوسی اور بے چینی ہوتی ہے۔

صدر زرداری نے یہ بیان ایک ایسے وقت دیا ہے جب اندرون ملک اور بین الاقوامی میڈیا میں ان کے سیاسی مستقبل کے بارے میں شکوک وشبہات کا اظہار کیا جا رہا ہے۔ 

لیکن بقول پاکستانی صدر کے پیپلز پارٹی کو سیاسی فتوحات کسی نے خیرات میں نہیں دیں بلکہ یہ فتح تمام صوبوں کے لوگوں کی مدد سے حاصل کی گئی ہیں۔ انھوں نے کہا کہ “ مخالفین کچھ بھی کہیں اور ہماری قیادت کے خلاف بدنامی کی کتنی ہی مہم کیوں نہ چلائی جائے، پیپلز پارٹی کے قدم نہیں ڈگمگائیں گے“۔

اجلاس میں متفقہ طور پر منظور کی گئی ایک قرارداد میں صدر زرداری کی قیادت اور حکومت پر اعتماد کا اظہار کیا گیا۔