 |
| نیشنل کرکٹ سٹیڈیم کراچی |
اسلام آباد اور کراچی میں ہونے والے بم دھماکوں کے بعد ستمبر میں ہونے والی آئی سی سی چیمپئنز ٹرافی کرکٹ ٹورنامنٹ کے انعقاد پر کتنے منفی اثرات مرتب ہو رہے ہیں اس کا اندازہ اس امرسے ہو سکتا ہے کہ کرکٹ آسٹریلیا کے چیئرمین کریگ اکونر نے کہا ہے کہ اگرآسٹریلین ٹیم کے کھلاڑی کسی معقول وجہ سے پاکستان کا دورہ کرنے پر راضی نہیں ہونگے تو انہیں پاکستان جانے پر مجبور نہیں کیا جائے گا۔
یاد رہے کہ نیوزی لینڈ کرکٹ بورڈ بھی تقریباً چھ ہفتے قبل یہ کہہ چکا ہے کہ سیکورٹی وجوہ کی بنا پر دورہ پاکستان سے انکار پر کسی کھلاڑی کے خلاف کوئی کاروائی نہیں ہوگی۔
دوسری جانب برطانوی دفتر خارجہ نے اپنے شہریوں کو خبردار کیا ہے کہ موجودہ صورت حال میں کراچی ، لاہور،اسلام آباد اور پشاور کا سفر نہ کریں کیونکہ یہاں ان کے لیے سیکورٹی خدشات بڑھ گئے ہیں۔برطانوی دفتر خارجہ نے یہ تنبیہ بھی کی ہے کہ اگر پاکستان کا دورہ کرنا اشد ضروری ہو تو ایسے مقامات پر جانے سے گریز کیا جائے جہاں وہ انتہاپسندی کا ہدف بن سکتے ہوں۔
مبصرین کے خیال میں اس تنبیہ کے بعد انگلستان کے کھلاڑیوں کے لیے پاکستان آکر کھیلنا خاصا مشکل امر ہوگا۔ جس سے پاکستان میں چیمپیئنزٹر افی کے انعقاد پر بے یقینی کے بادل گہرے ہوناشروع ہوگئے ہیں۔